کویت سٹی: امیرِ کویت کی غیر موجودگی میں وزیراعظم محمد صباح السالم نائب امیر کے طور پر بھی کام کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے اعلان کیا ہے کہ ان کی غیرموجودگی میں وزیراعظم شیخ ڈاکٹر محمد صباح السالم نائب امیر ہوا کریں گے کیوں کہ اب تک ولی عہد کا تقرر نہیں کیا جا سکا ہے۔
کویت میں ولی عہد کو نائب امیر کا درجہ حاصل ہوتا ہے اور امیرِ کویت کے بیرون ملک دوروں پر ہونے کی صورت میں نائب امیر یعنی ولی عہد ہی ملکی امور کی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
اب تک کسی ولی عہد کا تقرر نہیں کیا جا سکا ہے اس لیے وزیراعظم کو نائب امیر کا عہدہ بھی دیا گیا تاہم یہ صرف اسی وقت نافذ العمل ہوگا جب امیرِ کویت مشعل الاحمد الجابر الصباح ملک میں موجود نہ ہوں۔
امیرِ کویت کی جانب سے جاری شاہی حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وزیراعظم اس سے قومی اسمبلی کو مطلع کریں اور سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے تاکہ حکم نامہ نافذ العمل ہوسکے۔
ایک اور فرمان میں نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ فہد الیوسف الصباح کو امیرِ کویت کی بیرون ملک غیر موجودگی کے دوران وزیراعظم کے نائب امیر بننے پر قائم مقام وزیر اعظم کی ذمہ داری دی گئی۔
اسپیکر احمد السعدون نے حکومت کی درخواست پر 29 جنوری بروز پیر کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں پہلے وزیراعظم اور وزراء، جو منتخب اراکین پارلیمنٹ نہیں ہیں، پارلیمنٹ کے رکن بننے کا حلف اٹھائیں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم شیخ ڈاکٹر محمد صباح السالم بیرون ملک امیرِ کویت کی غیر موجودگی میں نائب امیر بننے کا آئینی حلف بھی اٹھائیں گے۔
منیر احمد ڈاہر ایک پاکستانی صحافی ہیں اور اردوفرسٹ نیوز کے چیف ایڈیٹر ہیں، ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے نامور'92 نیوز میڈیا گروپ' کے نمائندہ بھی ہیں آپ کاتعلق وہاڑی کی تحصیل بوریوالا کی ڈاہر فیملی سے ہے آپ ستلج پریس کلب (رجسٹرڈ) ساہوکا کے بانی صدر بھی ہیں